Logo

(عالمی مجلسِ اقبال (ایک تعارف

عالمی مجلسِ اقبال (ایک تعارف)

        پیغامِ اقبال کی اہمیت و حقانیت کو پیش کرنے اور فکرِ اقبال کی ترویج ، اشاعت ، ترسیل و فروغ کے حصول کے ساتھ ساتھ معاشرے میں اعلیٰ اخلاق سرایت کر نے کے لیے ایک ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت تھی جہاں اِن تمام مقاصد کی تکمیل پیغامِ اقبال کے آئینے میں  ہو سکے۔ اِسی خیال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ٹورنٹو ، کینیڈامیں 11 فروری 2009 ، کو جناب نعمان وحید بخاری نے (ڈسناDISNA) ڈاکٹر اقبال سوسائٹی آف نارتھ امریکہ کی بنیاد رکھی جسےآج لوگ عالمی مجلسِ اقبال (International Iqbal Society) کے نام سے جانتے ہیں۔

        عالمی مجلسِ اقبال ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جس کے اوّلین مقاصد نوجوانوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ عملی زندگی گزارنے کے کامیاب اصول فکرِ اقبال سے اخذ کر سکیں۔ساتھ ہی ساتھ نوجوان طلباء اور اساتذۂ کرام کے درمیان عالمی مجلس اقبال(IIS)کا کردار  ایک پُل کی حیثیت رکھتا ہےجس کی بدولت دونوں طبقہ ہائے زندگی کے لوگ علم کے فروغ میں ایک دوسرے کے معاون ہوجاتے ہیں۔عالمی مجلسِ اقبال(IIS)فکرِ اقبال کو حقیقی معنوں میں سمجھنے اور پھیلانے کے لیے مختلف نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی اپنا خاص مقام بنائے ہوئے ہے۔ کلامِ اقبال کا خاصایعنی محنت ، ہمت ، بلند حوصلہ امید اور جہدِ مسلسل عالمی مجلسِ اقبال(IIS)کی کاوشوں سے عیاں ہے۔

        نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے عالمی مجلسِ اقبال(IIS) کے مقاصد اُن تمام اداروں کے ساتھ مل کر علامہ اقبال کی تمام جہات پر ایسے کورسس کروانا ہیں جن سے اقبال شناس لوگ ابھر سکیں،انھیں پیغامِ اقبال کی اصل روح سمجھانا اور سمجھنے میں کردار ادا کرنا ہے۔اس حوالے سے عالمی مجلسِ اقبال تقریباً تمام اقبال اسکالرز سے رابطے میں ہے۔اِس تنظیم نے پچھلے سال اِن کورسس کی بنیاد رکھی جس کا کورس "،کلیاتِ اقبال اردو- مطالعہ و تشریح"، نہایت کامیاب رہا تھا۔ کورسس کے علاوہ عالمی مجلسِ اقبال(IIS) ہفتہ وار ادبی نشست (Study Circle )کا اہتمام کرتی ہےجس میں طالباء و رضاکارکلامِ اقبال کے حوالے سے درپیش آنے والے مسائل اورسمجھ نا آنے والے شعر پر بات چیت کرتے ہیں ساتھ ساتھ انھیں عملی تربیت دینے کے لیے انہی نشستوں میں تقاریر، بحث و مباحث بھی کروائے جاتے ہیں۔ ماہانہ کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک اور مختلف کڑی ہے اس میں شہر بھر سے طلباء و شرکاء کو مدعو کیا جاتا ہے ،ایک عنوان پر بحث و مباحثہ اور سوال و جواب ہوتے ہیں،اقبال کے حوالے ماہانہ کانفرنس کا انعقاد کرنا موجودہ مسائل اور ان کا حل فکرِ اقبال کی روشنی میں دیکھنا  اس تنظیم کا  خاصا رہا ہے۔

        عالمی مجلسِ اقبال(IIS) ایک درخت کی حیثیت رکھتی ہے جس کی کئی شاخیں دوسرے ممالک اور پاکستان کے مختلف شہروں میں پھیلی ہوئی ہیں،پاکستان میں لاہور ، کراچی اور اسلام آباد جبکہ بیرون ممالک میں ٹورنٹو- کینیڈا ، لندن- انگلینڈ ،  میں باقاعدہ ادبی نشست ہوتی ہیں جن کا مقصد نوجوانوں میں اعتماد کے ساتھ ساتھ معلومات اور اصلاح کا پہلو اجاگر کرناہےاور آپس میں رابطہ کا ذریعہ بننا ہے۔

        سوشل میڈیا پر اس تنظیم کے شرکاء کی تعداد 55 لاکھ سے زائد ہے ،علامہ اقبال پر اُٹھنے والے اعتراضات ، کلام کی تشریح یا مفہوم کے حوالے سے لوگ وہاں رابطہ کر کہ مستفید ہوتے ہیں۔ اِس تنظیم کا ایک اور کارنامہ،"Watch, Do Research or Ask and then Share with Responsibility" کے نام سے مہم کا آغاز ہے۔اس مہم کا مقصد  ایسے تمام اشعار جوکلامِ اقبال کا حصہ نہیں ہیں پر  سوشل میڈیا پر اقبال کے نام سے شایع ہوتے ہیں، اُن کے کے حوالے سے لوگوں کو معلومات فراہم کرنا اور ان کی اشاعت سے انھیں روکنا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ اس پیج پر ہجری اور انگریزی کلینڈر شایع ہوتے ہیں جو اردو اور فارسی شاعری پر مشتمل ہیں، جس سے کلامِ اقبال کے منتخب اشعار یاد کرنے میں یقیناً مدد ملتی ہے۔ایک اور سلسلہ  "خراجِ تحسین  " کے نام سے شایع ہوتا ہے اِس میں ان تمام قومی اور بین الاقوامی شہرت کے حامل افراد کا خراجِ تحسین اُن کے الفاظ وتصویر کے ساتھ  شایع ہوتا ہے جس سے علامہ اقبال کی ہمہ جہت شخصیت کے مزیدپہلو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔حال ہی میں اس تنظیم نے موبائل صارفین کے لیے کلامِ اقبال کی ایک اپلیکیشن "Iqbal Demystified" کے نام سے متعارف کروائی ہے، جس کے ذریعے موبائل صارف با آسانی علامہ اقبال کے اردو  و فارسی کلام کو نہ صرف پڑھ سکتا ہے بلکہ اُسے سن بھی سکتا ہے۔صارف کی آسانی کے لیے اِس میں انگریزی ترجمہ بھی شامل کیا گیا ہے۔عالمی مجلسِ اقبال کلامِ اقبال اور فکرِ اقبال کو فروغ دینے کے لیے ہر اُس شعبے کا استعمال کر رہی ہے جس سے سمجھنے اور سیکھنے والوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔

        عالمی مجلسِ اقبال(IIS)  کا ایک بڑا حصہ رضا کاروں پر مشتمل ہے،یہ رضا کار اپنے آپ کو جاننے اور سمجھنے کے لیے اِس تنظیم کا انتخاب کرتے ہیں اور عملی زندگی میں اس تربیت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔یہ رضا کار دنیا کے تقریباً ہر بڑے شہر سے تعلق رکھتے ہیں جن کے اپنے شہروں میں عالمی مجلسِ اقبال کام کرتی ہے وہ وہاں شمولیت اختیار کر لیتے ہیں اور جن ممالک یا شہروں میں فل وقت اس تنظیم کے افراد فعال صورت میں موجود نہیں وہ تمام رضاکار انٹرنیٹ پر اس کے  فعال کارکن کی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں۔ارکان و رضا کاروں کو اقبال فہمی کے ساتھ ساتھ بہتر شہری بنانے  کے لیے مختلف نشست کا اہتمام کیا جاتا ہے جن کا ذکر اوپر کیا گیا ہے۔

        عالمی مجلسِ اقبال(IIS) کی مقبولیت کی وجہ اس کا ذمہ دارانہ و محققانہ رویہ ہے جس کی وجہ سے لوگ اپنے سوالات اعتماد کے ساتھ ان کے پاس لاتے ہیں۔ یہ تنظیم مستقبل قریب میں بہت سے علمی و عملی کاموں کو انجام دینے کے لیے پرعزم  ہے ۔اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے کے بجائے یہ ان تمام اداروں کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہے جو علامہ اقبال کے پیغام کو حقیقی معنوں میں فروغ دینا چاہتے ہیں۔تا کہ جو نوجوان طبقہ اپنے مرکز سے دور ہے وہ ایک نقطۂ زندگی و عمل پر متفق ہو کر آگے بڑھے اسی میں ملک و قوم کا مستقبل پنہاں ہے اور یہی اتحاد ، بلند حوصلہ ، عزم ہمیں کلامِ اقبال سے ملتا ہے یہی ہماری ترقی کا ضامن ہے۔

Website Version 4.0 | Copyright © 2009-2016 International Iqbal Society (formerly DISNA). All rights reserved.